AA'M ie...

~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~ The Ordinary ~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~

Thursday, December 20, 2007


مقدمہ

نہیں جی یہ کسی بندے پر مقدمہ نہیں کیا جا رہا حالانکہ بہت دل ہے کہ چند لوگوں پر مقدمہ کیا جاسکتا ۔

:)

یہ دراصل لاہور کے سفر نامہ کا مقدمہ ہے ۔ پورے تین دن لگے سفرنامہ لکھنے میں۔ کچھ نکات کے لئے تحقیق کرنے کی ضرورت پیش آئی جس کی میں اپنے طور پر کوشش تو کی ، حق ادا نہیں ہوسکا۔ اور یہ سفر نامہ اب اتنا طویل ہوچکا ہے لکھ لکھ کے کہ اب اسے مختصر کرنے کی ضرورت ہے اسے مختصر کرنے کے لئے نجانے کتنا وقت لگے۔ اتنا طویل پوسٹ کرنا کاری دارد۔ اس میں تصویروں کی تعداد چار سو سے اوپرچلی گئی ہے جو وڈیوز بنائیں وہ الگ۔ اب ان سب میں سے کسی ایک یا چند ایک کو منتخب کرنا بھی ایک مسئلہ ۔ کئی نکات میں ساتھ ساتھ کاغذ پر نوٹ کرتی رہی تھی کیونکہ دوران سفر بلکہ لاہورسے گھر واپس آنے تک کمپیوٹر کا اگر میں صرف نام بھی لے لیتی نہ تو گھر والوں نے بلا تاخیر اور بغیر سوچے مجھے شوٹ کر دینا تھا اور کوئی ایف آئی آر بھی درج نہ ہوتی ۔ ۔ ۔ اس طرح شہید ہونے پر طبیعت مائل نہیں ہوسکی۔

لڑکوں کو کتنی آسانیاں ہوتی ہیں جدھر دل ہوا منہ [بھلے منہ اس لائق ہو یا نہ ہو] اُٹھا کے چل دیئے۔ دنیوی و اُخروی ساری کی ساری مصیبتیں ہمارے لئے ہی رہ گئیں ہیں۔ ۔ ۔

اس سفر نامہ کے وجود میں آنے کی سراسر ذمہ داری فمزا کی شادی پر عائد ہوتی ہے اس میں سچی سے میرا کوئی قصور نہیں ہے۔

مجھے ذاتی طور پر بہت زیادہ خوشی ہوئی کہ میں نبیل بھائی کے گھر جا سکی وہاں آنٹی سے اور انکل سے اور م سے بھی مل سکی۔ نبیل بھائی کے والدین سے ملنا میری وش لسٹ میں شامل تھا۔ مجھے اتنا اچھا لگا وہاں جاکے، سب سے مل کے، م سے دوستی کر کے۔ ۔ ۔ اتنا اچھا کہ وہاں کئی گھنٹے گذر گئے اور چند دیگر جگہوں پرپھر جانا نہیں ممکن ہوسکا بلکہ پیچھے سے گھر والوں کے فون آنا شروع کہ واپس آنے کا ارادہ بھی ہے کہ نہیں

:)

شکر ہے آنٹی نے میری عمر پر شک نہیں کیا ۔ ۔ ۔ میں وہاں پہنچی تو آنٹی نے کہا، " آپ تو چھوٹی سی ہیں فون پر تو کافی بڑی لگ رہی تھیں " آنٹی کے اس جملے کو تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے۔

نبیل بھائی کے گھر جا کے میرے ذہن میں نبیل بھائی کا جو تصور تھا وہ ایک دھچکے سے تبدیل ہوا

:)

نبیل بھائی ، میں بے حد شکر گذار ہوں کہ آپ کی وجہ سے مجھے دو شاندار ہستیوں سے ملنا ، اُن کو سننا اور اُن سے دُعائیں پانا نصیب ہوا ، مجھے آخر تک بے یقینی رہی کہیں نبیل بھائی منع نہ کر دیں ۔ تھینکس نبیل بھائی ۔ ۔ ۔ تھینکس آلاٹ

میں بھیا کی بھی دل سے شکر گذار ہوں کہ مجھے نبیل بھائی کے گھر لے کر گئے۔

محب علوی فیملی سے ملاقات نہیں ہوسکی البتہ فون پر ہی دو تین بار بات ہوسکی۔ مسز ق محب علوی سے بات کرکے مجھے بہت اچھا لگا ۔

She’s a nice person.

امن سے رابطہ نہیں ہوسکا ۔ چھوٹے بھائی فرذوق سے بھی رابطہ نہیں ہوسکا۔ امن ، فرذوق محب علوی اور چند دیگر اراکین سے اردو محفل کے ذریعہ ایک ڈیڑھ سال سے گاہے گاہے بات ہوتی رہی ہے اور اردو محفل پر سب سے ہی کچھ نہ کچھ سیکھنے کو بلکہ کئی بہت سی اچھی باتیں سیکھنے کو موقع ملا ۔

میرا دل تھا کہ سب کو روبرو یا فون پر شکریہ ادا کر سکوں۔

بوچھی سے مہندی ، بارات اور ولیمہ تینوں مواقع پر فون پر بات ہوئی ۔ بوچھی ، مجھے بہت خوشی ملی تھی آپ سے بات کر کے۔ میں آپ کی احسان مند ہوں۔ سارہ اور حجاب کے نمبر ملائے مگر نہیں ریسیو ہو سکے، شمشاد بھائی کے نمبر پر بات ہوسکی ۔ شمشاد بھائی آپ سے بھی بات کر کے خوشی ہوئی۔ آپ کی اور بوچھی کی دعائیں فمزا کو پہنچا دی ہیں۔ فمزا نے بہت شکریہ کہا ہے۔ ماوراء کے نمبر پر صرف ٹیکسٹ میسج جا سکا ۔

سفر کرنا اچھا لگتا ہے کچھ نہ کچھ سیکھنے کو موقع ملتا ہے۔ اس سفر میں بھی مجھے سیکھنے کو موقع ملا ۔ مجموعی طور پر لاہور جانا اچھا لگا۔

جس طرح زندگی میں سب کچھ اچھا نہیں ہوتا اور سب کچھ محض ہماری خواہش کے مطابق نہیں ہوتا چاہے ہماری نیت کتنی ہی صاف کیوں نہ ہو اسی طرح اس سفر کی وجہ سے ایک تکلیف دہ صورت بھی پیدا ہوئی جو کبھی میرے وہم و گمان میں بھی نہیں آ سکتی تھی۔

کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ نہ چاہتے ہوئے بھی ہم اندھیرے میں ہوتے ہیں اور کچھ سراغ نہیں ملتا کہ کہاں ، کس جگہ کس سے غلطی ہوئی ۔ اندھیرے میں رہنا بہت تکلیف دہ ثابت ہوتا ہے۔ میں اندھیرے میں ہوں۔ اگر کوئی سراغ تھا تو مٹ چکا ہے۔

زندگی کبھی بہت خوبصورت اور کبھی بالکل بھی اچھی نہیں لگتی۔ تھینکس ٹو آل دوز جو زندگی میں روشن چہرے ثابت ہوتے ہیں اپنی روشن سوچ کے ساتھ ۔ ۔ ۔ اپنے روشن عمل کے ساتھ

لاہور کا سفر ختم ہوا ۔ ۔ ۔ زندگی کا سفر بھی کسی وقت ختم ہو ہی جانا ہے ، تھینک گاڈ کہ اس دنیا میں ہمیشہ کے لئے نہیں رہنا ۔

ایک دھماکے دار خبر مل چکی ہے ، اب ایک اور سفر درپیش ہے وہ بھی بہاولپور کا۔ اتنی سردی میں پ بھائی کی شادی ۔ ۔ ۔ ایک جانب اس شادی کی دلی خوشی ہے ۔ پ بھائی ایک سیلف میڈ انسان ہیں اللہ کرے انھیں آئندہ زندگی میں آسانیاں اور خوشیاں ملیں ، آمین۔ ۔ ۔ ساتھ ہی لاہور کی سردی کھانے کے بعد اب بہاولپور کی سردی کھانا ہوگی۔ ایک تو پتہ نہیں کیوں ساری دنیا کے لوگ کراچی میں ہی کیوں نہیں آ کر رہنا شروع کر دیتے ۔ ۔ ۔ ساری دنیا میں بکھرے پڑے ہیں ۔ ۔ ۔ پھر شادیاں بھی کرتے ہیں اور ہم جیسے معصوم سردیوں میں شادیاں اٹینڈ کریں ۔ سردی میں کوئی شادی اٹینڈ کرنا یعنی نہ سردی سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں نہ شادی میں صحیح سے شرکت۔

شکر ہے اردو محفل سے کوئی رکن بہاولپور میں نہیں ہے۔

آخر میں ایک بات کہنا ہے

اگر کوئی آخرت میں جنت حاصل کرنا چاہے تو پلیز مجھے بتائیں کہ جو وڈیوز میں بنائی ہیں اگر ان میں سے کچھ یا چند ایک یا صرف ایک ہی میں سفر نامہ میں شامل کرنے کی جرات کرنا چاہوں تو وڈیو کو کس طرح ایڈٹ کروں اگر اس میں سے

کچھ غیر ضروری حصہ نکالنا ہو؟

بیک گراوّنڈ میں موجود آواز ختم کرنا ہو؟

بیک گراوّنڈ میں کوئی ساوّنڈ ایفیکٹ شامل کرنا ہو؟

شکریہ


Free Website Counter
Rokenbok