AA'M ie...

~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~ The Ordinary ~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~

Sunday, March 23, 2008




میرا انعام پاکستان


جب ہم نے خدا کا نام لیا ، اس نے ہمیں انعام دیا


میرا انعام پاکستان

پاکستان ، پاکستان

میرا پیغام پاکستان

پاکستان ، پاکستان


محبت امن ہے اور اس کا ہے پیغام پاکستان


خدا کی خاص رحمت ہے ، بزرگوں کی بشارت ہے

کئی نسلوں کی قربانی ، کئی نسلوں کی محنت ہے

اثاثہ ہے جیالوں کا ، شہیدوں کی امانت ہے

تعاون ہی تعاون ہے ، محبت ہی محبت ہے

جبھی تاریخ نے رکھا ہے اس کا نام پاکستان


اندھیروں کو مٹائے گا ، اُجالا بن کے چھائے گا

یہ خطہ انقلابی ہے ، نئی دنیا بنائے گا

اگر اللہ نے چاہا زمانہ وہ بھی آئے گا

جہاں تک وقت جائے گا اسے آگے ہی پائے گا

ندا قائد کی ہے ، اقبال کا انعام پاکستان



پاکستان پاکستان

پاکستان پاکستان

میرا انعام پاکستان

میرا پیغام پاکستان



محبت امن ہے اور اس کا ہے پیغام پاکستان







Friday, March 21, 2008






ازل کی خوشبو ہو جس میں پنہاں ، کوئی بتائے تو نام ایسا

وہ نام احمد کہ پھول برسیں ، بیان ایسا ، کلام ایسا


وہی ہے قرآں ، وہی ہے فرقاں ، وہی ہے ، رب جس کا ہے ثنا خواں

فرشتے پڑھ پڑھ کے جھومتے ہیں ، درود ایسا ، سلام ایسا


ہے دین حق میں جمال یزداں ، ہے عرش بھی جس پہ آج نازاں

وہی تو لایا ہے دین ایسا ، وہی تو لایا نظام ایسا


وہ جس کا سایہ تو عرش پر ہے ، وہ جس کا ذروں کے دل میں گھر ہے

وہی جو چمکا تو پھر نہ ڈوبا ، وہی ہے ماہ تمام ایسا



نظر میں یکساں غلام و آقا ، بزرگ و برتر ہے صرف تقوی

کوئی جہاں میں ہے دین ایسا ؟ کہیں ہے کوئی نظام ایسا ؟


وہ جس اندھیری گلی سے گذرا ، بدل دیا نور میں اندھیرا

دلوں کی دنیا بدل کے رکھ دی ، دیا دلوں کو پیام ایسا


عقیل ایسا ، خلیل ایسا ، جلیل ایسا ، جمیل ایسا

نہ رفعتوں میں ، نہ عظمتوں میں ، کسی نے پایا مقام ایسا


ازل کی خوشبو ہو جس میں پنہاں ، کوئی بتائے تو نام ایسا

وہ نام احمد کہ پھول برسیں ، بیان ایسا ، کلام ایسا







Wednesday, March 19, 2008



ان کی نظر میں جب سے میں ہوں رنج نہیں ، آلام نہیں

میری نظر میں اس سے بڑھ کر اور کوئی انعام نہیں


رونے والی آنکھیں مانگو ، رونا سب کا کام نہیں

ذکر محبت عام ہے لیکن سوز محبت عام نہیں


تو شاعر ہے نعت نبی کا ، واعظ بن کر بات نہ کر

خضر سے رستہ پوچھ کے چلنا دیوانوں کا کام نہیں


جو محروم رخت سفر تھے ان کی گلی تک جا پہنچے

جذبہ الفت صادق ہو تو کوئی تڑپ ناکام نہیں


ان کا ثنا خواں ، ان کا بھکاری ، ان کا سوالی ، ان کا گدا

صرف ادیب نہ بولو مجھ کو ، ایک ہی میرا نام نہیں







Monday, March 17, 2008

پاک سر زمین شاد باد

کشور حسین شاد باد

تو نشان عزم عالی شان

ارض پاکستان

مرکز یقین شاد باد


پاک سر زمین کا نظام

قوت اخوت عوام

قوم ، ملک ، سلطنت

پائندہ تابندہ باد

شاد باد منزل مراد


پرچم ستارہ و ہلال

رہبر ترقی و کمال

ترجمان ماضی شان حال جان استقبال

سایہ خدائے ذوالجلال





Sunday, March 09, 2008

بوچھی

بوچھی

بوچھی سے کبھی بات نہیں ہوئی تھی لیکن اکثر صبح کے وقت جب میں آنلائن ہوتی تو بوچھی کے پیغامات فورم پر نظر آ رہے ہوتے تھے دلچسپ سے، مجھے پڑھ کر ہنسی آ جاتی، لیکن کبھی بوچھی سے بات کرنے کا خیال نہیں آیا اور بقول فمزا میں اخلاقیات میں ویسے بھی پرائمری فیل ہوں۔ بوچھی کبھی جب لائبریری کے بارے میں کچھ ایسا ویسا کہہ جاتیں تب تو مجھے بالکل بھی اچھا نہیں لگتا تھا ۔

پھر ایک دن بوچھی نے خود بات کر لی اور عید جب آئی تو بوچھی کو بھوت سوار ہو گیا کہ عید پر تحفہ بھیجنا ہے سب کو۔ اب سب کو حکم کہ اپنے ایڈریس روانہ فرمائیں بوچھی دینے پر یقین رکھتی ہیں لینے پر نہیں ۔ بوچھی کی یہ بات ذرا بھی نہیں اچھی لگتی ۔

بوچھی کو غصہ بھی آتا ہے اور ٹھیک ٹھاک آ جاتا ہے اور جس پر آئے تو اس پر غصے کا حق ادا کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔ اندازے لگانے کا شوق بھی ہے البتہ اندازے لگا کر دوسروں کی زندگی کو مشکل نہیں بناتیں۔ بوچھی سے جب بھی بات ہوتی میں ہمیشہ بھول جاتی کہ پوچھوں آپ کو گالیاں بھی آتی ہیں کیا۔ ۔ ۔ بوچھی کہیں پڑھ ہی نہ لیں ۔ ۔ ۔ بوچھی شرمندہ نہیں ہونے دیتیں ، بھولنے بھی نہیں دیتیں ، بھلانے بھی نہیں دیتیں، مسنجر پرہوں ، ٹیکسٹ میسجز ، فون ، ملاقات جب بھی اور جس طرح بھی ممکن ہو رابطہ ضرور کریں گی ۔ اس لیے کہیں جانے سے پہلے بوچھی کو اگر نہیں بتایا تو غلطی کی اور اگر بتا دیا تو یہ اس سے بڑی غلطی بھی ہو سکتی ہے۔ ۔ ۔ ادھر آپ سامان سفر باندھیں ادھر ساتھ ساتھ بوچھی چینل نے رننگ کمنٹری شروع کر دینی ۔ ۔ ۔

خود بھی کہیں جائیں تو یہی سماں بندھ جاتا ہے۔ ۔ ۔ کہیں سیاحت کو جائیں تو باقی ساری دنیا کو بھی سیر کروا دیتی ہیں اپنے ساتھ ساتھ ۔ ۔ ۔ تھینکس ٹو بوچھی

جملے اتنے دلچسپ بولتی اور لکھتی ہیں کہ لگے کبھی کوئی غم نہیں دیکھا۔ ۔ ۔

بوچھی کی جو بات اچھی لگتی ہے یہ کہ جب نمبر ملاتی ہیں تو فون بند کرنا بھول جاتی ہیں اتنی دیر گذر جاتی ہے کہ آس پاس سب تشویش میں آجاتے ہیں کہ آخر اتنے گھنٹوں سے کس سے بات کی جارہی ہے ۔ ۔ ۔ صبح ہو تو دوپہر ، دوپہر ہو تو شام ، شام ہو تو رات اور رات ہو تو ضرور دن ہو جائے گا۔ ۔ ۔ مسنجر پر ہوتی ہیں تو ایک ڈنڈا ساتھ رکھتی ہیں جو گاہے گاہے برستا رہتا ہے ۔ ۔ ۔ بوچھی سے بات کرتے مسنجر پر وقت گذرنے کا احساس ہی نہیں ہوتا ایک باربات شروع ہوئی تو سات آٹھ گھنٹے گذر گئے۔

کھانے پینے سے بھر پور رغبت ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ بوچھی کا تعلق ایک کھاتی پیتی قوم سے ہے۔ قوم تو اپنے ملک کو کھائے جا رہی ہے لیکن بوچھی کچے چاولوں پر بھی گذارا کر لیتی ہیں اور اتنا زیادہ گذارا کرتی ہیں کہ گھر والوں کو کچے چاول چھپا کر رکھنا پڑتے ہیں ۔ لیکن پیٹ کے کیڑوں سے بہت ڈرتی ہیں اگر پیٹ کے کیڑوں کا ڈر نہ ہوتا تو عین ممکن ہے کہ کچے چاول ناپید ہو جاتے ۔ ۔ ۔

:)

بوچھی کی صورت ایک ساتھ کئی رشتے مل جاتے ہیں بیک وقت دوست ہیں ، بہن ہیں ، اکثر ماں بن جاتی ہیں کہ دل ہوتا ہے کہا جائے ایک امی جان ادھر ہیں اب آپ کو بھی افورڈ کروں ۔ ۔ ۔ نصیحتیں کرنے کا شوق بھی ہے خود جن پر عمل کرنا ضروری نہیں سمجھتیں۔ دوسروں کا دکھ جذب کر لینا بھی آتا ہے۔ اور کسی وقت محض ایک چھوٹی سی بچی جس کی زبان اس دنیا میں شاید کسی کو سمجھ نہیں آتی ۔ ۔ ۔

بوچھی کی وجہ سے کئی مشکلات سے دو چار ہونا پڑتا ہے اب جیسے بندہ لمبا عرصہ بیمار بھی نہیں رہ سکتا۔ ادھر ذرا سی طبیعت خراب ہوئی ادھر بوچھی نے اتنا پریشان ہو جانا اور اپنے ساتھ ساتھ دوسروں کو بھی کر دینا کہ آپ سب کچھ بھول کے بس صحیح سلامت ہونے کی کرتے ہیں۔ اب واپس آکے دیکھیں تو شرمندگی ہوتی ہے کہ اتنے تو بیمار بھی نہیں ہوئے تھے۔ ۔ ۔ سو اگر بیمار ہونے کا حق ادا کرنا ہو تو خیال رہے بوچھی کو نہیں پتہ چلے۔

بوچھی سے اتنی محبت ملتی ہے کہ بے اختیار دل ہوتا ہے کہنے کو۔ ۔ ۔ بوچھی آئی لو یو۔۔۔

بوچھی سے فرمائشیں کرنے میں مزہ آتا ہے۔ فرمائش سُن کر بنی اسرائیل نہیں بن جاتیں۔ ۔ ۔ کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں کہ فرمائش سن کر ہزار بہانے اور کچھ لوگ طبیعت خراب ہو تو اپنی خراب طبیعت کی بھی پرواہ نہیں کرتےاور دوسروں کے لیے کھڑے ہو جاتے ہیں بوچھی سے بھی فرمائش کی جائے تو اب فرمائش جیسی بھی ہو بوچھی نے پوری کرنی ۔ یہ نہیں پوچھنا یا کہنا کہ کیوں ، نہ ہی کوئی اعتراض بس پوری کردیتی ہیں یا کوشش ضرور کرتی ہیں پورا کرنے کی ۔ ایک بار میں یہاں سےفرمائش جاری فرمائی کہ ساحل پر ریت پر میرا نام لکھ کر تصویر بنائیں کیمرے میں اور پوسٹ کر دیں۔ ۔ ۔ بوچھی نے سنا اور پہ دوسرے تیسرے دن تصویر موجود ۔ ۔ ۔ مجھے اتنی خوشی ہوئی دیکھ کر ۔ ۔ ۔ اور ساتھ ہی غم بھی ۔ ۔ ۔ بوچھی کو میرے نام کے ہجے تک نہیں آتے ۔

بوچھی کی سالگرہ آ کے گذر بھی گئی مجھے دیر سے معلوم ہوا سو حمزہ اینڈ کو کے ساتھ مل کر میں یہاں خود ہی کیک سے انصاف کر لیا بوچھی کو تصویر صرف روانہ کر دی ۔ ۔ ۔

:)

اورتحفہ بھی پیک کر کے اپنے ہی پاس رکھا ہوا ہے ۔ ۔ ۔

:)

خواتین کا عالمی دن نہیں معلوم کتنے لوگوں کے لیے خوشی کا سبب بنے یا نہیں لیکن میرا دل ہے کہ سب لوگ خوش رہیں۔ بوچھی میں آپ کو خوش دیکھنا چاہتی ہوں۔

آپ کیک سے انصاف اور کچے چاولوں سے پرہیز فرمائیں ، اور یہ کارڈ اگر سنبھال کر نہیں رکھا تو یہاں محفوظ ہے اگلی عید پر بھی یہی کارڈ ملے گا آپ کو

:)

خدا کو بھی کہانیاں تخلیق کرنے میں مزہ آتا ہے۔ وہ دنیا کے کسی ایک کونے میں شگف جیسے لوگوں کو عبدیت و معبودیت کا چیلنج دے دیتا ہے اور سینکڑوں ہزاروں میل دور کسی دوسرے کونے میں کسی دل کو محبت کا امین بنا دیتا ہے بوچھی کے پاس ایسا دل ہے بوچھی اس محبت کو دوسروں تک پہنچا دیتی ہیں بلکہ اس میں اضافہ بھی کر دیتی ہیں۔ شکر ہے بوچھی فرشتہ نہیں انسان ہیں ، غلطیاں بھی کرتی ہیں لیکن اپنے غم بھلا کر کسی ایک کا نہیں سب کا خیال رکھتی ہیں ۔ ۔ ۔ بوچھی ان چند لوگوں میں سے ہیں جن کی وجہ سے مجھے ہمیشہ خدا سے شکوہ کرنے میں مشکل پیش آتی ہے ۔ ۔ ۔

بوچھی ، میں آپ کو کیا کہوں ۔ ۔ ۔ آئی لو یو ۔ ۔ ۔ نہیں یہ آپ سے تو نہیں ناں کہنا ۔ ۔ ۔ لیکن بوچھی ۔ ۔ ۔



I salute you !



Free Website Counter
Rokenbok