AA'M ie...

~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~ The Ordinary ~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~~

Wednesday, December 26, 2007

بر دکھوا


امی ابو کی کچھ باتوں سے مجھے شدید شکایت رہنی کہ ان کی وجہ سے ہمارا حق مارا جاتا ہے، اب جیسے امی نے بھیا کے لیے لڑکیاں دیکھنے کی روایت پر عمل نہیں کیا تھا نہ ہی ہم بہنوں کو ساتھ لے کر دنیا جہاں کے گھروں میں جہاں جہاں لڑکیاں پائی جاتی ہوں وہاں جا جا کے لڑکیوں کو اشیاء کی طرح دیکھا۔ بلکہ جہاں امی کو لگا کہ جانا چاہیے وہاں صرف انھیں اپنی آمد سے مطلع کیا اور جا کے بس اپنا خیال پروپوزل کی صورت پیش کر دیا۔

لیکن ایک ایسی خبر سنی کہ دل حیران و افسردہ ۔ لوگوں نے کیسے کیسے طریقے ایجاد کیے ہوئے ہیں ایذا رسانی کے۔ ۔ ۔ اس اتنے بڑے شہر میں ایک گھر ایسا بھی ہے کہ جہاں موجود ایک لڑکی کو دیکھنے کے لیے آنے والی خاتون نے سب کچھ کھا پی لینے کے بعد لڑکی سے اٹھنے کو کہا اب لڑکی صوفہ سے اٹھی فرمائش ہوئی ذرا کمرے سے باہر تک چلو لڑکی چلی ، باہر پہنچی اب یہ خاتون بھی چلیں اور باہر جا کر فرمایا ذرا جوتا اتار کر کھڑی ہو جاو۔ ۔ ۔ معلوم ہوا کہ کمرے سے باہر تک چلانے کا مقصد یہ دیکھنا تھا کہ لڑکی کے چلنے میں کوئی عیب تو نہیں ہے ۔ جوتا اتروانے کا مقصد دراصل بغیر جوتے کے قد دیکھنا تھا کہ کتنا ہے لڑکی کا یعنی وہ زمین سے بغیر جوتے کے کتنا اوپر ہے ۔۔۔ خاتون مطمئن ہوئیں یا نہیں یہ نہیں معلوم ہو سکا البتہ شادی ہو گئی ۔۔۔ اب وہ لڑکی نہیں معلوم زمین سے اوپر ہے یا نیچے اس دن کے بعد سے۔ ۔ ۔ انسان اپنے ہی جیسے انسانوں کے ساتھ کیا کیا کچھ کرتا ہے۔

رنگ ، نسل ، زبان ، عقیدہ ، قد ، شکل ، دولت ، تعلیم ، عہدہ ، مسلک ، خاندان ، اعلی حسب نسب اور نہیں معلوم کیا کیا ۔ ۔ ۔

کیا یہ سب ایک پُرسکون زندگی کے ضامن ہو سکتے ہیں ؟

اور لڑکیوں کو سمجھا جاتا ہے کہ وہ زیور اور کپڑے اور دولت ہی کو زندگی کا حاصل سمجھیں

لڑکی کو متوقع شوہر صاحب سے یہ سوال ضرور کرنا چاہیے کہ اگر گھر میں کھانے کو کچھ نہ ہو اور بیوی بچے بھوک سے بے حال تو کیا وہ اعتماد کے ساتھ کہیں بھی محنت مزدوری کر کے بچے کے لیے کچھ کھانے کا بند و بست کر سکیں گے یا کرنا چاہیں گے یا اپنی تعلیمی ڈگری ، اسٹیٹس ، اور لوگوں کے خوف و شرمندگی کے سبب بچے کو بھوکا سلائیں گے

لڑکے کو چاہیے کہ وہ بھی سوال کرے کہ اگر میں ایمانداری کے ساتھ سارا دن تلاش و کوشش کے باوجود بھی ناکام رہا اور گھر میں کھانے کو کچھ نہ لا سکا تو خدا کی رضا میں راضی رہنے پر میرا ساتھ دینا ؟ اب اگر دونوں کا جواب ہاں میں ہو تو پھر کس بات کی پریشانی ۔ ۔ ۔ ۔ بہتر ہے کہ اگلے مرحلے میں مولوی صاحب کو زحمت دی جائے

:)


فمزا کہاں ہو ؟ بھیا کا بر دکھوا ہے ۔ ۔ ۔

:)

Saturday, December 22, 2007

عید الاضحی مبارک

آج عید ہے

آج ہم سب مسلمان ہیں

ہم سب اگلے بیس دنوں تک بھی مسلمان رہیں گے

اس کے بعد ہم تقسیم ہوجائیں گے

ہم مسلمانوں کے پاس بہت پیسہ ہے

لیکن یہ ہم تعلیم کے لیے خرچ نہیں کیا کرتے

ہماری ترجیحات میں تعلیم کہیں نہیں ہے

کہیں ہم پڑھ لکھ نہ جائیں

کیا آپ کو یقین نہیں آیا کہ ہمارے پاس پیسہ ہے

بے شک حساب لگا لیں

ہم قربانی کے نام پر پہلے دن دوسرے دن حتی کہ تیسرے دن بھی بھاری رقوم خرچ کرتے ہیں

لیکن ہاں حساب لگا کے یہ نہیں کہنے کی ضرورت کہ کچھ حصہ ہی سہی تعلیم کے لیے خرچ کر لیں ان رقوم سے

ہم آپ کی ذہنیت پر شک کریں گے اگر آپ نے ایسا سوچا بھی۔

ہم کھاتی پیتی قوم ہیں

ہمیں کھانے پینے سے دلچسپی ہے

قربانی کے جانوروں کو ہم فریزر میں بھر بھر کھاتے رہتے ہیں قربانی کے نام پر

ہمیں کھانے سے اس درجہ رغبت ہے کہ ملک تک کھائے جا رہے ہیں

کھانے کے بعد ہمیں سونے سے رغبت ہے ۔ سونا دو طرح کا ہوتا ہے ایک وہ جسے نیند کہتے ہیں یہ مرض ہمارے مردوں اور خواتین دونوں میں پایا جاتا ہے ۔ ۔ ۔ دوسرا وہ جس میں ہماری اکثر خواتین پیلا ہونا پسند کرتی ہیں اور جس کی پیلاہٹ میں ان کا اصل رنگ و روپ اور سادگی متاثر ہوتے ہیں۔ ۔ ۔

کھائیں گے تو ظاہر کہ غنودگی ہوگی

جتنا زیادہ کھائیں گے اتنی زیادہ غنودگی

اب اتنا بڑا ملک کھائیں گے تو غنودگی بھی اسی حساب سے ہونی ہے

اس لیے آپ اکثر بلکہ تمام اہم معاملات پر ہمیں سوتا ہوا پائیں تو

خبردار

ہمیں ڈسٹرب نہ کریں

ایسا نہ ہو کہیں جگانے کا سوچنے لگیں

اچھا کہیں آپ کو شک تو نہیں ہے ناں ہم پر ۔ ۔ ۔ ان باتوں پر

اگر ذرا سا بھی شک ہوتو بے شک کسی سے بھی پوچھ کے دیکھ لیں

:) :)

البتہ ایک راز کی بات ۔ ۔ ۔

ان باتوں پر دھیان نہ دیں

شگف تو پاگل ہے

آپ کو ان باتوں میں لگا کر خود چائے سے شغل فرمانا ہے

یہ دیکھیں ایسے ۔ ۔ ۔

:) :)

اٹس ٹی بریک
۔

Thursday, December 20, 2007


مقدمہ

نہیں جی یہ کسی بندے پر مقدمہ نہیں کیا جا رہا حالانکہ بہت دل ہے کہ چند لوگوں پر مقدمہ کیا جاسکتا ۔

:)

یہ دراصل لاہور کے سفر نامہ کا مقدمہ ہے ۔ پورے تین دن لگے سفرنامہ لکھنے میں۔ کچھ نکات کے لئے تحقیق کرنے کی ضرورت پیش آئی جس کی میں اپنے طور پر کوشش تو کی ، حق ادا نہیں ہوسکا۔ اور یہ سفر نامہ اب اتنا طویل ہوچکا ہے لکھ لکھ کے کہ اب اسے مختصر کرنے کی ضرورت ہے اسے مختصر کرنے کے لئے نجانے کتنا وقت لگے۔ اتنا طویل پوسٹ کرنا کاری دارد۔ اس میں تصویروں کی تعداد چار سو سے اوپرچلی گئی ہے جو وڈیوز بنائیں وہ الگ۔ اب ان سب میں سے کسی ایک یا چند ایک کو منتخب کرنا بھی ایک مسئلہ ۔ کئی نکات میں ساتھ ساتھ کاغذ پر نوٹ کرتی رہی تھی کیونکہ دوران سفر بلکہ لاہورسے گھر واپس آنے تک کمپیوٹر کا اگر میں صرف نام بھی لے لیتی نہ تو گھر والوں نے بلا تاخیر اور بغیر سوچے مجھے شوٹ کر دینا تھا اور کوئی ایف آئی آر بھی درج نہ ہوتی ۔ ۔ ۔ اس طرح شہید ہونے پر طبیعت مائل نہیں ہوسکی۔

لڑکوں کو کتنی آسانیاں ہوتی ہیں جدھر دل ہوا منہ [بھلے منہ اس لائق ہو یا نہ ہو] اُٹھا کے چل دیئے۔ دنیوی و اُخروی ساری کی ساری مصیبتیں ہمارے لئے ہی رہ گئیں ہیں۔ ۔ ۔

اس سفر نامہ کے وجود میں آنے کی سراسر ذمہ داری فمزا کی شادی پر عائد ہوتی ہے اس میں سچی سے میرا کوئی قصور نہیں ہے۔

مجھے ذاتی طور پر بہت زیادہ خوشی ہوئی کہ میں نبیل بھائی کے گھر جا سکی وہاں آنٹی سے اور انکل سے اور م سے بھی مل سکی۔ نبیل بھائی کے والدین سے ملنا میری وش لسٹ میں شامل تھا۔ مجھے اتنا اچھا لگا وہاں جاکے، سب سے مل کے، م سے دوستی کر کے۔ ۔ ۔ اتنا اچھا کہ وہاں کئی گھنٹے گذر گئے اور چند دیگر جگہوں پرپھر جانا نہیں ممکن ہوسکا بلکہ پیچھے سے گھر والوں کے فون آنا شروع کہ واپس آنے کا ارادہ بھی ہے کہ نہیں

:)

شکر ہے آنٹی نے میری عمر پر شک نہیں کیا ۔ ۔ ۔ میں وہاں پہنچی تو آنٹی نے کہا، " آپ تو چھوٹی سی ہیں فون پر تو کافی بڑی لگ رہی تھیں " آنٹی کے اس جملے کو تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے۔

نبیل بھائی کے گھر جا کے میرے ذہن میں نبیل بھائی کا جو تصور تھا وہ ایک دھچکے سے تبدیل ہوا

:)

نبیل بھائی ، میں بے حد شکر گذار ہوں کہ آپ کی وجہ سے مجھے دو شاندار ہستیوں سے ملنا ، اُن کو سننا اور اُن سے دُعائیں پانا نصیب ہوا ، مجھے آخر تک بے یقینی رہی کہیں نبیل بھائی منع نہ کر دیں ۔ تھینکس نبیل بھائی ۔ ۔ ۔ تھینکس آلاٹ

میں بھیا کی بھی دل سے شکر گذار ہوں کہ مجھے نبیل بھائی کے گھر لے کر گئے۔

محب علوی فیملی سے ملاقات نہیں ہوسکی البتہ فون پر ہی دو تین بار بات ہوسکی۔ مسز ق محب علوی سے بات کرکے مجھے بہت اچھا لگا ۔

She’s a nice person.

امن سے رابطہ نہیں ہوسکا ۔ چھوٹے بھائی فرذوق سے بھی رابطہ نہیں ہوسکا۔ امن ، فرذوق محب علوی اور چند دیگر اراکین سے اردو محفل کے ذریعہ ایک ڈیڑھ سال سے گاہے گاہے بات ہوتی رہی ہے اور اردو محفل پر سب سے ہی کچھ نہ کچھ سیکھنے کو بلکہ کئی بہت سی اچھی باتیں سیکھنے کو موقع ملا ۔

میرا دل تھا کہ سب کو روبرو یا فون پر شکریہ ادا کر سکوں۔

بوچھی سے مہندی ، بارات اور ولیمہ تینوں مواقع پر فون پر بات ہوئی ۔ بوچھی ، مجھے بہت خوشی ملی تھی آپ سے بات کر کے۔ میں آپ کی احسان مند ہوں۔ سارہ اور حجاب کے نمبر ملائے مگر نہیں ریسیو ہو سکے، شمشاد بھائی کے نمبر پر بات ہوسکی ۔ شمشاد بھائی آپ سے بھی بات کر کے خوشی ہوئی۔ آپ کی اور بوچھی کی دعائیں فمزا کو پہنچا دی ہیں۔ فمزا نے بہت شکریہ کہا ہے۔ ماوراء کے نمبر پر صرف ٹیکسٹ میسج جا سکا ۔

سفر کرنا اچھا لگتا ہے کچھ نہ کچھ سیکھنے کو موقع ملتا ہے۔ اس سفر میں بھی مجھے سیکھنے کو موقع ملا ۔ مجموعی طور پر لاہور جانا اچھا لگا۔

جس طرح زندگی میں سب کچھ اچھا نہیں ہوتا اور سب کچھ محض ہماری خواہش کے مطابق نہیں ہوتا چاہے ہماری نیت کتنی ہی صاف کیوں نہ ہو اسی طرح اس سفر کی وجہ سے ایک تکلیف دہ صورت بھی پیدا ہوئی جو کبھی میرے وہم و گمان میں بھی نہیں آ سکتی تھی۔

کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ نہ چاہتے ہوئے بھی ہم اندھیرے میں ہوتے ہیں اور کچھ سراغ نہیں ملتا کہ کہاں ، کس جگہ کس سے غلطی ہوئی ۔ اندھیرے میں رہنا بہت تکلیف دہ ثابت ہوتا ہے۔ میں اندھیرے میں ہوں۔ اگر کوئی سراغ تھا تو مٹ چکا ہے۔

زندگی کبھی بہت خوبصورت اور کبھی بالکل بھی اچھی نہیں لگتی۔ تھینکس ٹو آل دوز جو زندگی میں روشن چہرے ثابت ہوتے ہیں اپنی روشن سوچ کے ساتھ ۔ ۔ ۔ اپنے روشن عمل کے ساتھ

لاہور کا سفر ختم ہوا ۔ ۔ ۔ زندگی کا سفر بھی کسی وقت ختم ہو ہی جانا ہے ، تھینک گاڈ کہ اس دنیا میں ہمیشہ کے لئے نہیں رہنا ۔

ایک دھماکے دار خبر مل چکی ہے ، اب ایک اور سفر درپیش ہے وہ بھی بہاولپور کا۔ اتنی سردی میں پ بھائی کی شادی ۔ ۔ ۔ ایک جانب اس شادی کی دلی خوشی ہے ۔ پ بھائی ایک سیلف میڈ انسان ہیں اللہ کرے انھیں آئندہ زندگی میں آسانیاں اور خوشیاں ملیں ، آمین۔ ۔ ۔ ساتھ ہی لاہور کی سردی کھانے کے بعد اب بہاولپور کی سردی کھانا ہوگی۔ ایک تو پتہ نہیں کیوں ساری دنیا کے لوگ کراچی میں ہی کیوں نہیں آ کر رہنا شروع کر دیتے ۔ ۔ ۔ ساری دنیا میں بکھرے پڑے ہیں ۔ ۔ ۔ پھر شادیاں بھی کرتے ہیں اور ہم جیسے معصوم سردیوں میں شادیاں اٹینڈ کریں ۔ سردی میں کوئی شادی اٹینڈ کرنا یعنی نہ سردی سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں نہ شادی میں صحیح سے شرکت۔

شکر ہے اردو محفل سے کوئی رکن بہاولپور میں نہیں ہے۔

آخر میں ایک بات کہنا ہے

اگر کوئی آخرت میں جنت حاصل کرنا چاہے تو پلیز مجھے بتائیں کہ جو وڈیوز میں بنائی ہیں اگر ان میں سے کچھ یا چند ایک یا صرف ایک ہی میں سفر نامہ میں شامل کرنے کی جرات کرنا چاہوں تو وڈیو کو کس طرح ایڈٹ کروں اگر اس میں سے

کچھ غیر ضروری حصہ نکالنا ہو؟

بیک گراوّنڈ میں موجود آواز ختم کرنا ہو؟

بیک گراوّنڈ میں کوئی ساوّنڈ ایفیکٹ شامل کرنا ہو؟

شکریہ



حج بالآخر ہو چکا ۔ کتنے ہی پسندیدہ لوگوں نے حج ادا کیا ۔ کل یہاں عید ہے۔

ماوراء ، بہت بہت مبارک باد انکل آنٹی کے حج مبارک کی۔ اور آنٹی اور انکل کو بھی مبارک باد


Monday, December 17, 2007




ہوم سوئیٹ ہوم


Monday, December 10, 2007


امن ، فمزا

دلی مبارک باد

اور

دعائیں

:)




Wednesday, December 05, 2007


فرصت کا صرف ایک ہی دن نصیب ہونا ہے لاہور میں اور اگلے دن واپسی ہو جائے گی۔ لاہور میں ایسی کون سی خاص جگہ یا جگہیں ہیں جو ایک دن میں وزٹ کی جا سکتی ہیں ؟

Saturday, December 01, 2007

:-)محمد اریب :-)
میں ابھی سو رہا ہوں ۔۔۔ !!

Free Website Counter
Rokenbok